(لاہور نیوز) مبینہ مقابلے کے بعد 2 خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ قبل شہری محمد سلیم کو قصور کے علاقے موچی پورہ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے ملزموں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس گرفتاری کیلئے پہنچی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران دو ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو ساتھی فرار ہو گئے، ملزمان کے قبضہ سے موٹر سائیکل اور دو پسٹل بھی برآمد کر لیے، فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
واضح رہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان 37 سے زائد انتہائی خطرناک وارداتوں میں مطلوب تھے، ڈاکوؤں کی شناخت ساجد عرف بھائی ویلر سکنہ کوٹ علی گڑھ اور کاشف عرف کاشی سکنہ کیلوں خورد کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزموں نے ایک ہفتہ قبل شہری کو قتل کیا تھا۔