25 Jan 2024
(لاہور نیوز) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی طبیعت ناساز ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں اچانک طبیعت خراب ہونے پر شیخ رشید کو آر آئی سی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
آر آئی سی میں شیخ رشید کا مکمل طبعی معائنہ کیا جائے گا, عدالت جیل انتظامیہ سے شیخ رشید کے طبعی معائنے کی رپورٹ طلب کرے گی۔
شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے بتایا کہ جیل انتظامیہ نے بذریعہ فون سابق وزیر داخلہ کی طبیعت خراب ہونے سے متعلق اطلاع دی، شیخ رشید احمد کو آر آئی سی منتقل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو 9 مئی حملہ کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت خارج کردی گئی تھی جس کے بعد انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
سابق وزیر داخلہ حساس ادارے کے دفتر میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں نامزد ہیں۔