(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر کیخلاف اشتعال انگیز گفتگو کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کیس پر سماعت کی، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف عدالت پیش نہ ہوئے، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزمان کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جائے گا۔
عدالت نے ملزمان جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر کو آ ئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ عدالت نے مریم اورنگزیب، جاوید لطیف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے، ملزمان میں سابق ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان، ڈائریکٹر نیوز پی ٹی وی راشد بیگ شامل ہیں۔
ملزمان کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ مقدمہ پانچ روز کی تاخیر سے درج کیا گیا،مقدمہ درج کرتے وقت قانونی تقاضوں کا درست جائزہ نہیں لیا گیا، مدعی اپنے بیان سے منحرف ہو چکا ہے کوئی مقد مہ کا گواہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مریم اورنگزیب سمیت چار ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔