(ویب ڈیسک) ملک بھر میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، ایئرپورٹس پر حد نگاہ انتہائی کم رہ جانے پر آج بھی 12 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق منازل پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے 6 پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر منتقل کردیا گیا۔
سی اے اے ذرائع نے بتایا ہے کہ جدہ سے لاہور کیلئے نجی ایئر لائن کی پرواز کو فضا میں ایک گھنٹہ انتظار کے بعد کراچی میں لینڈ کروایا گیا، دبئی سے ملتان، دمام اور کویت سٹی سے سیالکوٹ کی پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا جبکہ بحرین اور کراچی سے لاہور کیلئے 2 پروازوں کو بھی اسلام آباد منتقل کیا گیا۔
اس کے علاوہ لاہور کراچی کی پی آئی اے کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، غیر ملکی ایئر لائن کی جدہ سے لاہور کے لیے پرواز ، اسلام آباد سے کراچی کی نجی ایئر لائن کی 2 اور شارجہ کی ایک پرواز اڑان نہ بھر سکی۔
اسی طرح ملتان سے جدہ کے لیے نجی ایئر لائن کی 2، کراچی سے دمام اور گوادر کی 3 پروازیں منزل کی جانب روانہ نہ ہو سکیں۔
یاد رہے گزشتہ روز بھی لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاور کی 37 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔