(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سلیکشن کمیٹی کے کنسلٹنٹ کامران اکمل نے انکشاف کیا ہے کہ محمد رضوان کو پاکستان ٹی20 ٹیم کا نائب کپتان بنانے کا فیصلہ چیئرمین صاحب کا تھا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی تعیناتی پر کمیٹی سے مشاورت نہیں کی گئی۔ محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں کارکردگی شاندار رہی ہے، ان کو ذکاء اشرف نے نائب کپتان مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کپتان اور مستند بیٹر بابراعظم اور محمد رضوان نے تسلسل کے ساتھ پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھائی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جائے، ون ڈے کی طرز کی کرکٹ کے لیے پاکستان کے کپتان کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
کامران اکمل نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر گہری نظر رکھتی ہے، بینچ سٹرینتھ کو مضبوط کرنے کے لیے زیادہ اوپنرز کو منتخب کیا، اب اس بات کا انحصار ٹیم مینجمنٹ پر ہے کہ وہ ان منتخب اوپنرز کو کس انداز میں استعمال کرتی ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ بورڈ کے تحت کراچی میں جاری ڈومیسٹک ایونٹ پریزیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے اورتمام قومی سلیکٹرز میچز میں بھرپور طور پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں، ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پرعمدہ کارکردگی کی بنیاد پر 30 کھلاڑیوں کا پول تشکیل دیا جائے گا تاکہ مستقبل میں قومی ٹیم کو مضبوط تر کیا جاسکے۔