(لاہور نیوز) ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے سبب کنٹریکٹر کا میٹرو بس سروس فعال رکھنا مشکل ہو گیا۔
شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی لاہور میٹرو بس سروس کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے سبب کنٹریکٹر کا سروس فعال رکھنا مشکل ہو گیا۔ کنٹریکٹر کمپنی ویڈا سلوشن دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی۔ نجی کمپنی نے دو مراسلوں کے ذریعے میٹرو بس آپریشن فعال رکھنے سے معذرت کر لی۔
پنجاب حکومت اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے آپریشن فعال رکھنے کیلئے سوچ بچار شروع کر دی۔ کنٹریکٹر کمپنی کے ساتھ معاملات طے کرنے کیلئے قائم کمیٹی بھی حتمی فیصلہ نہ کر سکی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے گورننگ باڈی اجلاس کے میٹنگ منٹس نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
میٹنگ منٹس میں کہا گیا کہ آئندہ ایک سے دو ماہ میں ویڈا سلوشن کمپنی میٹرو بس آپریشن نہیں چلا سکے گی۔ نجی کمپنی نے نومبر 2022ء اور فروری 2023ء میں بھی معاہدہ منسوخ کرنے کی استدعا کی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ایک سال کے دوران کنٹریکٹر کی تجدید کیلئے کوئی کام نہ کیا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے نگران پنجاب حکومت کو ٹرانسپورٹ ایمرجنسی نافذ کرنے کی استدعا کر دی۔