(لاہور نیوز) سردی کی شدت بڑھتے ہی قہوہ اور چائے کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا، کشمیری قہوہ، لیمن گراس اور کشمیری چائے شہریوں کی اولین ترجیح بن گئی۔
سرد ہوا کے چلتے ہی جسم کو گرم رکھنے اور سردی بھگانے کے لئے جو پہلی چیز ذہن میں آتی ہے وہ گرما گرم چائے اور قہوہ ہے، سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی چائے اور قہوہ کی مانگ میں بھی اضافہ ہونے لگتا ہے۔
شہری مختلف علاقوں اور ذائقوں کے مطابق چائے اور قہوہ پینا پسند کرتے ہیں، کسی کو کشمیری چائے پسند ہوتی ہے تو کوئی دار چینی اور الائچی والی چائے سے محظوظ ہوتا ہے،کوئی لیمن گراس یا کوئی اور قہوہ استعمال کرکے خود کو سردی سے بچاتا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی میں زیادہ ترلیمن گراس قہوہ اور کشمیری چائے استعمال ہوتی ہے،کشمیری چائے میں لوگ پستہ، بادام ملا کر پینا پسند کرتے ہیں،قہوہ سردی کا بہترین اور صحت بخش توڑ ہے۔