03 Jan 2024
(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کی وفات پر دل بہت رنجیدہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مرحوم تحریکِ پاکستان کے سرگرم کارکن اور قوم کا اثاثہ تھے، روزِ اوّل سے مسلم لیگ کے ساتھ منسلک رہے، مسلم لیگ کے بہت باوفا اور بااعتماد رُکن تھے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ زندگی کے بیشتر حصے اور قومی ذمہ داریوں میں اُن کا ساتھ رہا، دُکھ کی اِس گھڑی میں اُن کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز طویل علالت کے باعث گزشتہ روز 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔