(لاہور نیوز) ہوشربا مہنگائی نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولٹری مصنوعات کی خریداری آسان نہ رہی۔
برائلر گوشت 10 روپے سستا ہونے کے بعد بھی 531 روپے فی کلو ہے۔ فارمی انڈے مزید 2 روپے مہنگے، فی درجن قیمت 374 روپے مقرر، پرچون میں ایک انڈہ 40 روپے تک بیچا جا رہا ہے۔
سرکاری ریٹ لسٹ میں 8 سبزیاں مزید مہنگی ہو گئیں۔ اوپن مارکیٹ میں پیاز 240 ، ٹماٹر 140 ، لہسن چائنہ 750 روپے فی کلو ہے۔ ادرک تھائی لینڈ 700 ، سبز مرچ اور میتھی 160 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ کھیرا 50 ، پھول گوبھی 130 ، اروی 200 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
پھلوں میں انگور 680 ، سیب 400 ، انار بدانہ 950 روپے فی کلو ہے۔ امرود 200 روپے فی کلو جبکہ کینو 300 اور کیلے درجہ اول 200 روپے فی درجن مل رہے ہیں۔
سنگھ پورہ سبزی منڈی آئے خریدار کہتے ہیں مہنگائی نے جینا مشکل کر دیا ہے۔ ہر چیز مہنگی ہوتی چلی جا رہی ہے۔
انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کرانے میں بھی مسلسل ناکام ہے جس کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا دوہرا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔