(لاہور نیوز) لیسکو ریجن میں 12 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لیسکو کو 900 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔
سرد موسم میں بھی بجلی بحران شدت اختیار کر گیا۔ بجلی کی پیداوار میں کمی اور ناقص ٹرانسمیشن سسٹم لوڈشیڈنگ کا سبب قرار دیئے گئے۔ پانی کی کمی کے باعث ہائیڈل بجلی کی پیداوار میں بھی کمی، مہنگے پاور پلانٹس بھی بند ہیں۔
ذرائع کے مطابق موسم سرما میں لیسکو کی طلب 2440 میگاواٹ سے زائد ہے۔ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو صرف1540 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔ لیسکو کو سردیوں میں بھی گرمیوں جیسا 900 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔
بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے کاروبار بری طرح متاثر ہونے لگے۔ گھریلو صارفین اور تاجر دونوں ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے مگر بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔ روزانہ 8 سے 9 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے تو کاروبار کیسے کریں۔
ذرائع کے مطابق بند پاور پلانٹس میں تھرمل اور کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس بھی شامل ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی طرح سردیوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنا پڑ رہا ہے۔