(لاہور نیوز) سوئی ناردرن گیس کمپنی میں تین سال سے افسران کی ترقیاں التواء کا شکار ہیں۔
اعلی افسران کی عدم دلچسپی کے باعث 16 جی ایم اور 20 چیف انجینئر کے عہدوں پر جونیئر افسران تعینات ہیں۔ لاہور، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور مردان سمیت بڑے شہروں میں جی ایم کے عہدوں پر چیف انجینئرز تعینات ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی میں 20 چیف انجینئرز کی پوسٹوں پر ڈپٹی چیف انجینئرز اور سینئر انجینئرز تعینات ہیں۔ جی ایم لاہور ایسٹ کی بڑی سیٹ پر چیف انجینئر بلال اصغر جبکہ جنرل مینیجر لاہور ویسٹ پر چیف انجینئرز اظہر رشید تعینات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے جنرل مینیجر ملتان راشد اسحاق، جی ایم پشاور وقاص اللہ خان بھی پروموشن سے محروم ہیں۔ جی ایم یو ایف جی شاہد نبیل ، جی ایم لینڈ امجد اکرام، جی ایم کوآرڈینیشن شفقت ورک بھی عرصہ دراز سے پروموشن اور انکریمنٹ سے محروم ہیں۔ جی ایم فیصل آباد راشد عنایت ، جی ایم میٹریل کنٹرول عمران صفدر ورک ، جی ایم میٹریل کنٹرول پراجیکٹ عمران احمد خان بھی تین سال سے ترقی سے محروم ہیں۔
ذرائع کے مطابق ترقی نہ ہونے سے چیف انجینئرز جی ایم کے عہدوں پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی میں سب سے اہم پوسٹ چیف انجینئر کی بھی 20 سیٹوں پر جونیئر افسران براجمان ہیں۔ سوئی گیس کے قانون کے مطابق ہر سال افسران اور ملازمین کی ترقی ہوتی ہے جو تین سال سے نہ ہو سکی۔ سالانہ انکریمنٹ بھی یکم جولائی 2023 سے نہیں مل سکے۔