(لاہور نیوز) مصنوعی بارش کے بعد لاہور میں سموگ کی شدت میں کمی آئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر چلا گیا، ایئر کوالٹی انڈیکس 179 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مصنوعی بارش کیلئے خصوصی جہازوں سے کیمیکل چھڑکا گیا، بادلوں پر 48 فلیئر چلائے گئے جس سے لاہور کے دس علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں مصنوعی بارش کا پہلا تجربہ کامیاب رہا تاہم مصنوعی بارش کے باعث سموگ میں کمی آئندہ دو سے تین روز میں محسوس کی جائے گی۔
موسم کا احوال بتانے والوں نے مزید کہا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 6 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
فضائی آلودگی میں کراچی دنیا بھر میں سرفہرست ہے، شہر قائد کا اے کیو آئی 332 تک پہنچ گیا، ڈھاکہ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 268 ریکارڈ کیا گیا، آلودہ ترین شہروں میں کولکتہ کا تیسرا نمبر ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین نے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔