(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سائفر کی طرح پی ٹی آئی ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ ڈی آراوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ گئی، پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، الیکشن کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 8 فروری سے فرار کی راہیں تلاش کررہی ہے، پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے کے اعلانات کرتی ہے جبکہ عملی طورپر عدالتوں میں تاخیر کی پٹیشنز دائر کرتی ہے، 2018 کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داری نبھائی تھی اور 2018 میں بیوروکریسی کے ڈی آر اوز کا فرض نبھانے پر پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا تھا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری اور منافقانہ پالیسی پر کاربند ہے، 8 فروری 2024 کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی، سائفرمیں عوام میں کچھ کہا اور تحقیقات میں کچھ ، پی ٹی آئی یہی منافقت الیکشن کے حوالے سے بھی اپنائے ہوئے ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی، پی ٹی آئی ملک میں آئینی بحران پیدا کرکے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے، پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طورپر مضبوط ہو اور عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔