(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے معذو ر بچوں کیلئے بنے ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
معذوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کی جانب سے نجی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد ہوا جس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈی جی سوشل ویلفیئر مدثر ریاض ملک، سیکرٹری ظہور حسین بھی تقریب میں شریک تھے،تقریب میں ننھے بچوں نے ٹیبلو بھی پیش کیا۔
محسن نقوی نے ٹاؤن شپ میں نئے ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز بنانے اور ضلعی سطح پر تمام سوشل ویلفیئر سینٹرز کی تفصیلات سات روز میں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
تقریب کے دوران محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے متعارف کروائے گئے معذور افرادکو معاون آلات کی فراہمی کیلئے ہیش ٹیگ ان ایبل پورٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر مدثر ریاض کا کہنا تھا کہ سپیشل بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں ان کی بہبود کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر ہر ممکن اقدامات کررہا ہے۔