(لاہور نیوز) لاہور ریلوے سٹیشن سکیورٹی رسک بن گیا، ریلوے انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ریلوے سٹیشن پر نصب اکثر سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہوچکے۔
لاہور ریلوے سٹیشن جیسی اہم اورحساس جگہ کی سکیورٹی نظر انداز کر دی گئی، مختلف پلیٹ فارمز پرلگے 47 کیمروں میں سے 36 سے زائد کیمرے خراب ہو چکے،ریلوے انتظامیہ کی غفلت کے باعث خراب کیمروں کو کئی ماہ بعد بھی ٹھیک ہو سکے نہ انہیں تبدیل کیا جا سکا، پلیٹ فارم نمبر 2، 4اور مین لابی میں نصب کیمروں کا رزلٹ بھی ناقص نکلا۔
ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس نے اگست میں نئے کیمروں کا ٹینڈر جاری کیا مگر کیمرے ٹھیک نہ ہوئے، ریلوے سٹیشن پر سامان چوری کے واقعات بھی بڑھ گئے،خراب کیمروں کی وجہ سے چوروں اور جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھنا بھی مشکل ہوگیا۔
ترجمان ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ وزارت ریلوے نے چند وجوہات کی بنا پر کیمروں کے لیے ٹینڈر منسوخ کرکے دوبارہ ٹینڈر کرنے کی ہدایت کی ہے، جدید کیمروں کے لیے جلد دوبارہ ٹینڈر جاری کریں گے۔