(لاہور نیوز) ایف بی آر کے بعد پی ایس او کی پی آئی اے کو فیول بند کرنے کے دھمکی کے بعد پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
پی ایس او نے فوری طور پر ایک ارب پچاس کروڑ روپے ادا کرنے کا پیغام جاری کردیا، ایف بی آر کی جانب سے پہلے ہی پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کئے گئے ہیں، پی ایس او نے بھی ادائیگیاں نہ ہونے پر پی آئی اے کو حتمی نوٹس جاری کردیا۔
پی ایس او ذرائع کے مطابق یکم سے 27 نومبرتک پی آئی اے کو 5 ارب 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کا فیول دیا گیا، پی آئی اے نے فیول کی مد میں 3 ارب 91 کروڑ 60 لاکھ روپے کی اب تک ادائیگی کی ہے، پی آئی اے نے 1 ارب 10 کروڑ 60 لاکھ روپے فیول کے واجبات کی ادائیگی تاحال نہیں کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی آئی اے کی کریڈٹ لائن بالکل ختم ہونے کو ہے، ادائیگی نہ ہونے پر فیول سپلائی جاری رکھنا ممکن نہ ہوگا، دوسری جانب ایف بی آر نے ملک بھر میں پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے ہیں، پی آئی اے کو مجموعی طور پر ساڑھے چار ارب کی ادائیگی کرنی ہے۔