(لاہور نیوز) سموگ نے لاہوریوں کی جان نہ چھوڑی۔ ایم سی ایل نے شہر میں سموگ پر قابو پانے کے لئے اہم شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا۔
ایم سی ایل کا بھی شہر میں اینٹی سموگ آپریشن جاری ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا3 روز میں شہر کے 78 سے زائد مقامات اور 148 اہم شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ شہریوں کو فری ماسک کی فراہمی جاری ہے۔ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری رہے گا۔
سموگ سے بچاؤ کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی نے سکولوں میں شجر کاری شروع کر دی۔ گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس بوائز سکول میں گرین کلب کے ممبر طلبا نے ٹیموں کے ساتھ مل کر پودے لگائے اور اینٹی سموگ آگاہی واک بھی کی۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے بتایا کہ 10 منتخب سکولوں میں مرحلہ وار شجر کاری مہم مکمل کریں گے، اگلے مرحلے میں بچوں کو گرین ویسٹ سے کمپوسٹ بنانے کی عملی تربیت بھی دی جائے گی۔