سموگ سے متاثرہ اضلاع میں آج بھی لاک ڈاؤن، نقل و حمل مزید محدود کرنے کا فیصلہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب نے آج اتوار کے روز بھی لاک ڈاؤن کا حکم دیا ہے، سموگ سے متاثرہ اضلاع میں نقل و حمل مزید محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متاثرہ اضلاع میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز کے تمام اضلاع پر پابندیاں لاگو ہوں گی، اتوار کے روز بازار دن 4 بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، بیکریز، کریانہ سٹورز، یوٹیلیٹی سٹورز، کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز پر بابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا، پہلے سے طے شدہ امتحانات اور انٹری ٹیسٹ بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو سمارٹ لاک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ریلیف کمشنر نے کہا ہے کہ افسر فیلڈ میں موجود رہیں اوراحکامات پرعملدرآمد یقینی بنائیں، گزشتہ 2 روزہ لاک ڈاؤن سے سموگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
نبیل جاوید نے مزید کہا کہ شہری ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں، سموگ جیسی خطرناک آفت کا مقابلہ ملکر کرنا ہو گا، شہری موجودہ صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔