(ویب ڈیسک) ایپکس کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کو دہرایا ہے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کونسل کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف، نگران کابینہ کے ارکان، نگران صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی، اجلاس کے شرکا کو مختلف وزارتوں نے متعین شدہ اہداف کے بروقت حصول میں سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اب تک کے اقدامات پر پیشرفت کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔
اجلاس میں ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں اور خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔