بلاول کو اُس انداز سے جواب نہیں دینا چاہتے، ہماری پالیسی تلخیاں کم کرنا ہے: رانا ثنا
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلاول کو اُس انداز سے جواب نہیں دینا چاہتے، ہماری پالیسی تلخیاں کم کرنا ہے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سے (ن) لیگ 40 سے 46 سیٹیں حاصل کرے گی، مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی پنجاب سے اپنے ٹاسک کو پورا کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اکثریت سے حکومت بنائیں گے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، اس وقت ملک کو سازش کے تحت ڈی ٹریک کیا گیا، آج ملک میں مہنگائی اور ڈالر نہیں رک رہا، ملک کو دوبارہ ترقی کے ٹریک پرلائیں گے۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے عوام (ن) لیگ پر اعتماد کریں گے، اس مرتبہ بھی ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، ہماری پالیسی ہے اس قسم کی تلخیوں کو بڑھانے کے بجائے کم کریں، اگر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے تو پھرسب کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے اگر پنجاب میں الیکشن لڑنا ہے تو ہمارے خلاف ہی بیانیہ بنانا پڑے گا، بلاول ہماری تعریفیں کرکے تو ووٹ نہیں لے سکتے، بلاول بھائیوں کی طرح ہیں، ہم نے سیاست میں گندگی، اوئے، توئے کے کلچر کا سامنا کیا۔