(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا۔
وہاب ریاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں کپتان شان مسعود، بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، حسن علی، فہیم اشرف، ابرار احمد، شاہین آفریدی، عامر جمال، خرم شہزاد، سعود شکیل، سرفراز احمد، میر حمزہ ، محمد رضوان ، وسیم جونیئر ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
وہاب ریاض نے بتایا کہ فاسٹ باولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے، ہم نے حارث رؤف کو ہر ممکن سہولیات دینے کی کوشش کی اور دورے کے لیے حارث رؤف سے بات ہوئی تھی لیکن حارث نے خود دورے پر جانے سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ اگلے تین ہفتوں میں باولنگ شروع کرےگا اور محمد حسنین نے ورزش شروع کی ہے ایک سے دو ہفتوں میں وہ پریکٹس کا آغاز کریں گے، شاہنواز دہانی، شاداب خان، اسامہ میر، عثمان قادر اور محمد نواز کیمپ کوجوائن کریں گے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹاپ آرڈر میں امام الحق ،عبداللہ شفیق اور شان مسعود پرفارم کررہے ہیں، چار پانچ سپنر کیمپ میں بلائے ہیں ، صاحبزادہ فرحان ٹاپ سکورر رہے لیکن ابھی سکواڈ میں جگہ نہیں ہے۔