09 Nov 2023
(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس کی ایپ لاپتہ بچوں کو ورثا سے ملانے کا ذریعہ بننے لگی۔ ’’میرا پیارا‘‘ ایپ کے ذریعے 9 سال سے لاپتہ بچی گھر پہنچ گئی۔
لاہور ٹریفک پولیس نے ایپ کے ذریعہ لاپتہ بچوں کی تلاش شروع کر دی۔ "میرا پیارا ایپ" ٹیم نے 9 سال قبل بچھڑ جانے والی 15 سالہ فزیمہ کو اپنوں سے ملوا دیا۔ ٹیم گمشدہ بچوں و افراد کا ڈیٹا لینے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو دفتر پہنچی۔ بیورو میں 9 سال سے مقیم سیالکوٹ کی لاپتہ لڑکی سے اہلکاروں کی ملاقات ہوئی۔ بھائی اور دیگر رشتہ دار فزیمہ کو دیکھ کر خوشی سے نہال ہو گئے۔
فزیمہ کی خوشی کا بھی کوئی ٹھکانہ نہ تھا، اس نے کہا مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں پھر اپنوں کے ساتھ ہوں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ گمشدہ بچوں کے ورثا "میرا پیارا ایپ" کا وزٹ کریں تاکہ انکے پیارے ان کو مل سکیں۔