(ویب ڈیسک) ایک نئی ریسرچ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ والد اپنے بچوں کو پڑھائی یا ڈرائینگ میں مدد کرکے اور ان کے ساتھ کھیل کر سکول میں انکی تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر کر سکتے ہیں۔
لیڈز یونیورسٹی کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ بچے پرائمری سکول میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اگر ان کے والد باقاعدگی سے ان کے ساتھ پڑھنے، کھیلنے، کہانیاں سنانے یا ڈرائنگ میں ان کے ساتھ وقت گزاریں۔
5 اور 7 سال کی عمر کے بچوں کے پرائمری سکول کے ٹیسٹ کے سکور کا تجزیہ کرتے ہوئے محققین نے انگلینڈ میں تقریباً 5,000 گھرانوں کا ڈیٹا استعمال کیا جس میں 2000 ء سے 2002 ء میں پیدا ہونے والے بچوں کے بڑے ہونے تک کا ڈیٹا شامل تھا۔
تحقیق کے مطابق جو والد اپنے تین سال کے بچوں کے ساتھ باقاعدگی سے ڈرائینگ کرتے، کھیلتے اور پڑھتے تھے، انہوں نے 5 سے 7 سال کی عمر تک اپنے بچوں کی سکول میں کارکردگی پر مثبت اثر ڈالا۔
لیڈز یونیورسٹی بزنس سکول کی ریسرچ فیلو ڈاکٹر ہیلن نارمن، جنہوں نے اس تحقیق کی قیادت کی، نے کہا کہ مائیں اب بھی بنیادی دیکھ بھال کا کردار ادا کرتی ہیں لیکن اگر والد بھی بچوں کی دیکھ بھال کی سرگرمی میں حصہ لیں تو بچوں کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے جیسے کہ پرائمری سکول میں امتحانات میں اچھے نمبروں سے پاس ہونا۔ یہی وجہ ہے کہ بچے کی زندگی کے ابتدائی مرحلے سے ہی ماں کے ساتھ بچوں کی دیکھ بھال کا اشتراک کرنے کے لیے والد کا حوصلہ افزائی اور مدد کرنا بہت ضروری ہے۔