26 Sep 2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ بینائی سے محروم ہونے والوں کا حکومت مفت علاج کروا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے میو ہسپتال آئی وارڈ کا دورہ کیا اور اویسٹن انجکشن کے استعمال سے بینائی متاثر ہونے والے مریضوں کی عیادت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ متاثرین کا پنجاب حکومت مفت علاج کروا رہی ہے ،امید ہے ان کی بینائی واپس آ جائے گی، رپورٹ آنے کے بعد اصل قصور واروں کا تعین ہوگا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جس دوائی سے مسئلہ ہوا اس کو بین کر دیا گیا ہے، ٹرانسپورٹ والا معاملہ تو ہم نے پکڑ لیا ہے، ڈرگ انسپکٹرز کو معطل کیا گیا ہے ،کارروائی مزید آگے بڑھے گی۔
وزیر اعلیٰ کے میو ہسپتال دورے کے دوران نگران وزیر اطلاعات عامر میر اور ڈی آئی جی حیدر ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے ۔