(ویب ڈیسک) گزشتہ ماہ اگست میں شادی کرنے والی اداکارہ عنزیلہ عباسی سے انسٹاگرام پر ایک مداح نے سوال کرلیا کہ وہ کب طلاق لے رہی ہیں۔
عنزیلہ عباسی مقبول اداکار و ہدایت کار شمعون عباسی اور اداکارہ جویریہ عباسی کی بیٹی ہیں اور انہوں نے گزشتہ ماہ تشفین نامی نوجوان سے شادی کی تھی۔
ان کی شادی پر ان کے والد شمعون عباسی کو نہیں دیکھا گیا تھا، جس پران پر تنقید بھی کی گئی اور بعد ازاں اداکار نے بھی سوشل میڈیا پر مبہم پوسٹ کے ذریعے نام لکھے بغیر سابق بیوی اور بیٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، تاہم انہوں نے مذکورہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔
شادی کے ایک ماہ بعد عنزیلہ عباسی نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالات کے جوابات دیے، اس دوران متعدد افراد نے انہیں شادی کی مبارک باد بھی پیش کی اور ساتھ ہی ان سے شوبز میں واپسی سے متعلق بھی پوچھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ سکرین پر جلد واپس نہیں آئیں گی اور انہوں نے اچھی کہانیاں نہ بنائے جانے اور اچھے کرداروں کی پیش کش نہ ہونے کی وجہ سے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی۔
سوالات کے دوران انہوں نے اپنی عمر بھی بتائی اور دعویٰ کیا کہ 26 جنوری 2024 کو وہ 26 سال کی ہوجائیں گی، اس وقت وہ 25 سال کی ہیں۔
اسی طرح ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر تشفین سے تین سال قبل گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ میں ملی تھیں۔
مداحوں کی فرمائش پر عنزیلہ عباسی نے بتایا کہ جلد ہی وہ شوہر کے ہمراہ اپنی شادی پر رقص کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کریں گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے والدین کی تنہا اولاد ہیں۔
ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ ان کے اپنے والد شمعون عباسی سے کس طرح کے تعلقات ہیں، کیا انہوں نے والد ہونے کی ذمہ داریاں درست انداز میں نبھائیں؟
اس پر عنزیلہ عباسی نے مداح کو جواب دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی معاملات پر بات نہیں کرنا چاہتیں۔
اسی طرح ایک مداح نے اداکارہ سے پوچھا کہ وہ کب طلاق لے رہی ہیں؟ اس پر عنزیلہ عباسی نے ’موت‘ کا لفظ لکھا۔
خیال رہے کہ ان کے والدین کی شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی، جویریہ عباسی اور شمعون عباسی نے 1997 میں شادی کی تھی، دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان 2007 میں طلاق ہوگئی تھی۔