(لاہور نیوز) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے اسحاق ڈار بتائیں ڈالر کیسے مہنگا ہوا؟
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کی۔ سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی سے عوام رابطہ مہم کا آغاز کر دیا، اب وہ پنجاب داخل ہو رہے ہیں، جمعرات کو سی ای سی اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں انتخابات کے انعقاد کے لیے پیپلز پارٹی کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔
سید حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ جب پیپلز پارٹی نوے روز میں الیکشن کا کہتی ہے تو ایک مخصوص جماعت کی چیخیں نکلتی ہیں، مہنگائی کی بات ہو تو کہتے ہیں سب نے مل بیٹھ کر فیصلے کئے، اسحاق ڈار کو بتانا ہو گا کہ ڈالر کیسے بے قابو رہا، عوامی نمائندوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ ہوا۔
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ایک سیاسی پارٹی اپنی جماعت کے نمائندوں کو فنڈز دیتی رہی اور دوسروں کو کہتے رہے کہ پیسہ ہی نہیں ہے، آپ کی نااہلی کا بوجھ کوئی اتحادی نہیں اٹھائے گا۔ الیکشن 90 روز میں کرائے جائیں یہ ہماری پارٹی کا مطالبہ ہے، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو سازش کے تحت ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ نون پری پول دھاندلی کر رہی ہے۔