(لاہور نیوز) لاہور کی سب سے بڑی عابد الیکٹرانکس مارکیٹ کے تاجروں نے بھی ہڑتال کا فیصلہ کر لیا۔
انجمن تاجران الیکٹرانکس عابد مارکیٹ کے تاجروں کا اہم اجلاس ہوا۔ صدر عابد الیکٹرانکس مارکیٹ حاجی طارق نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں 2 ستمبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عابد الیکٹرانکس مارکیٹ کے تاجروں نے دو ستمبر کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر صدر عابد الیکٹرانکس مارکیٹ لاہور حاجی طارق کا کہنا تھا بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافی ٹیکسوں کو فوری ختم کیا جائے۔ مہنگی بجلی، مہنگائی کے سونامی، ڈالر کی اونچی اڑان نے کاروبار تباہ کر دیئے ہیں۔ تاجر ادھار لیکر بجلی کے بل جمع کرا رہے ہیں۔ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کیخلاف دو ستمبر کو احتجاجاً
مارکیٹ بند رکھیں گے۔
انہوں نے کہا بدترین مہنگائی، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں نے تاجروں کو کنگال کر دیا ہے۔ تاجروں کو سہولیات دینے کے بجائے ظالمانہ اضافی ٹیکسوں کے ذریعے لوٹا جا رہا ہے۔