(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس تھانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے تھانہ کلچر میں ایک واضح اور مثبت تبدیلی لا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ مزنگ کی بطور اسٹیٹ آف دی آرٹ سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن بارے خصوصی پیغام میں کہا کہ تھانہ مزنگ کو 120 گھنٹوں کے اندر سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشن کی سہولیات سے آراستہ کرکے فعال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشنز (SIPS) صاف ستھرے ماحول اور سیٹیزن فرینڈلی سمارٹ پولیسنگ کی شاندار مثال ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سٹیٹ آف دی آرٹ سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشن مزنگ میں شہریوں کو دستیاب جدید سہولیات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشن میں کارپوریٹ آفس کی طرز پر کیومیٹک مشین ٹوکن سے سروسز کا آغاز ہوتا ہے،فرنٹ کاؤنٹرز پر موجود مستعد عملہ آپکو مطلوبہ افسر تک رہنمائی اور رسائی سمیت تمام تر سہولیات مہیا کرے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تھانے میں پولیس خدمت مرکز کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں ، شہری چار سے چھ بجے ایس ایچ اوز سے ملاقات کر سکتے ہیں،ہر واقعہ کی ایف آئی آر اندراج کی ڈیڈ لائن مقرر ہے، شہری انویسٹی گیشن سے متعلق یا کسی بھی قسم کی انفارمیشن با آسانی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ٹائم لائن کے مطابق ہر واقعہ کا پرچہ درج کر رہی ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ جھوٹی گواہی مت دیں،اگر کسی پولیس افسر یا اہلکار سے متعلق کوئی بھی شکایت ہے تو فوری 1787 کمپلینٹ سنٹر سے رابطہ کریں،انکوائری کے بعد ذمہ دار کے خلاف بلا امتیاز محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس شہریوں کو سمارٹ پولیسنگ سے مستفید کرنے کیلئے صوبے کے تمام تھانوں کو بطور سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشن فعال کر رہی ہے۔