جرم وانصاف
تھیٹرز بند کرنے کا معاملہ، درخواست گزار کے وکیل کو اتھارٹی لیٹر پیش کرنے کا حکم
28 Aug 2023
28 Aug 2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں تھیٹرز بند کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت میں عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو اتھارٹی لیٹر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس چودھری محمد اقبال نے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر تھیٹرز ایسوی ایشن کے قیصر ثناء اللہ کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ پنجاب، کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 24 اگست کو کمشنر لاہور کی سربراہی میں پولیس نے تماثیل تھیٹر پر غیر قانونی چھاپہ مارا۔ فنکاروں پر تشدد کیا اور نقدی لے گئے جبکہ تھیٹر کو سربمہر کر دیا گیا۔ پولیس کو تھیٹر سیل کرنے کا قانونی اختیار نہیں۔ عدالت تھیٹر کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو اتھارٹی لیٹر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔