(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی ممکنہ برطرفی کے معاملے پر وفاقی حکومت کو تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں ذکا اشرف کی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی سربراہی سے ممکنہ برطرفی کے معاملے پر درخواست کی سماعت ہوئی، جسٹس چودھری محمد اقبال نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے درخواست مزید سماعت کے لیے جسٹس شاہد کریم کے پاس بھجوانے کی سفارش کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ نے درخواست سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس بھجوانے کی استدعا مسترد کر دی۔
عدالتی حکم پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت پیش ہو کر بتایا کہ ابھی معاملہ صرف کابینہ ڈویژن کے پاس گیا ہے، درخواست گزار نے سمری چیلنج کر رکھی ہے۔
ذکاء اشرف کے وکیل نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل سیکرٹری پی سی بی اپنی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین لانا چاہتا ہے، سیکرٹری پی سی بی نے وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو ذکاء اشرف کو ہٹانے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
وکیل نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات کے تناظر میں اداروں کو خط لکھا، پی سی بی کا ملک میں ہونے والےعام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پی سی بی کی تعیناتی وفاقی حکومت نے کی، نگراں حکومت منتخب حکومت کے فیصلوں کو ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔
ذکاء اشرف کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت سیکرٹری پی سی بی کی جانب سے ذکاء اشرف کو ہٹانے کے لیے لکھے گئے خط کو کالعدم قرار دے۔