(لاہور نیوز) پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر غیر متعلقہ کالرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ہر ماہ 200 ٹاپ غیر متعلقہ کالرز کو تنبیہ کیلئے کال بیک کی جا رہی ہے،تنبیہ کے باوجود 15 پر غیرمتعلقہ کالز کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس پی اویس شفیق نے بتایا کہ 15 ایمرجنسی نمبر پر روزانہ کی بنیاد پر 70 سے 80 ہزار کالزموصول ہوتی ہیں، ایمرجنسی ہیلپ لائن پر ہر ماہ 6 سے 7 لاکھ غیر متعلقہ کالز کی جارہی ہیں، غیر متعلقہ کالز کی وجہ سے ون فائیو (15) ایمرجنسی نمبر مسلسل مصروف رہتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 15 ایمرجنسی نمبر کے ناجائز استعمال سے سنگین صورتحال میں پھنسے شہریوں کی امداد میں تاخیر ہوتی ہے، ایمرجنسی ہیلپ لائن مصیبت میں مبتلا شہریوں کی سہولت کیلئے حکومت کی ایک فری سروس ہے، شہریوں سے اپیل ہے پولیس ہیلپ لائن پرغیر ضروری کالزسے اجتناب کریں۔