(لاہور نیوز) پنجاب میں معیار تعلیم بلند کرنے کیلئے ٹیچر ٹریننگ پالیسی تیار کر لی گئی، ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اسلام آباد اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) پنجاب میں معاہدہ طے پا گیا، تقریب میں وزیر تعلیم منصور قادر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
ایم اے او کالج میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے درمیان ٹیچرز ٹریننگ کی پالیسی کی تیاری کے معاہدے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
ایچ ای سی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد خان اور ایچ ای ڈی کے سیکرٹری جاوید اختر محمود نے ایم او یو پر دستخط کئے، تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران و اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر تعلیم منصور قادر کا کہنا تھا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد پروفیشنل ٹریننگ پالیسی صوبے بھر میں نافذ کی جائے گی، اس پالیسی کا ایم او یو ایک بڑی کامیابی ہے، ایم او یو کے تحت دونوں ادارے فیکلٹی پروفیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ سٹاف ٹریننگ پالیسی ترتیب دیں گے۔