(لاہور نیوز) لاہور کی 214 یونین کونسلز سے پابندی کے باوجود مویشیوں کا انخلا نہ ہو سکا۔ مون سون کی حالیہ بارشوں میں ڈینگی لاروا کی افزائش 25 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
انتظامیہ کی انسداد ڈینگی اقدامات میں لاپروائی سامنے آ گئی۔ لاہور کی یونین کونسلز سے پابندی کے باوجود مویشیوں کا انخلا نہ ہوا۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق شہری آبادی میں بھینسوں کی حویلیاں ڈینگی لاروا کی زد میں آ گئیں۔ کینٹ کی 16 یونین کونسلز میں ڈینگی لاروا کے 2397 ہاٹ سپاٹس موجود ہیں۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں 2 ہزار 502، عزیز بھٹی میں 2585 ڈینگی لاروا کے ہاٹ سپاٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ داتا گنج بخش ٹاؤن میں 3535، گلبرگ ٹاؤن میں 1999 اور نشرٹاؤن میں2397 ہاٹ سپاٹس ہیں۔
اسی طرح راوی ٹاؤن میں2858 ، سمن آباد میں 2497، شالامار ٹاؤن میں 2780 ہاٹ سپاٹس موجود ہیں۔ واہگہ ٹاؤن میں 2230 ہاٹ سپاٹس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ عزیز بھٹی، راوی اور اقبال ٹاؤن کو ڈینگی لاروا کے لئے ریڈ زون قرار دیا گیا۔
افسران مویشیوں کے انخلا کے لئے تاحال عملی اقدامات میں ناکام ہو گئے۔ شہری علاقوں میں مویشیوں کے انخلا کے لئے دی گئی درجنوں ڈیڈلائن کام نہ آئیں۔ 3برسوں کے دوران رہائشی علاقوں میں مویشیوں کی تعداد بڑھی۔ انتظامیہ نے مویشی باڑوں کو ڈینگی لاروا کی افزائش کا مرکز قرار دے دیا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ اربن یونین کونسلز سے مویشیوں کے انخلا کے لئے آپریشن کیا جا رہا ہے۔