(لاہور نیوز) خواتین کو ہنر مند بنانے کے ادارے قصر بہبود میں جشن آزادی گالا کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار نظر آئی۔ طالبات اور ننھی بچیوں نے روایتی لباس زیب تن کر رکھے تھے۔ قصرِبہبود میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین کی تیار کردہ مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ خواتین نیل آرٹ بھی ہاتھوں پر سجاتی رہیں۔ ہینڈی کرافٹس، جیولری سمیت کھانے کے سٹالز بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
سیکرٹری سوشل ویلفیئر ظہور حسین نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور طالبات میں تحائف تقسیم کیے۔ ان کا کہنا تھا زندہ قومیں اپنی آزادی کے دن کو جوش و خروش سے مناتی ہیں۔ آزادی کی حفاظت اور ملک کی ترقی کے لیے سب کو بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب میں ننھی بچیوں نے تقاریر بھی کیں۔ لڑکیوں کا کہنا تھا ہمیں چودہ اگست پر لگائی جانے والی جھنڈیوں کا اتر جانے کے بعد بھی احترام کرنا چاہیے۔
سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے آزادی گالا میں جاری سرگرمیوں کا معائنہ بھی کیا اور خواتین کی بنائی مصنوعات کی تعریف کی اور سمر کیمپ میں آنے والے بچوں میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔