(لاہور نیوز) جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
جشن آزادی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہو گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب سمیت قومی ہیروز مہمان خصوصی ہوں گے۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا شہر لاہور کو سجانے کے لئے پرعزم ہیں۔ 35شاہراہوں، 43 مارکیٹوں ، سرکاری عمارتوں کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ 15محکموں کو ذمہ داریاں تفویض، کمشنر آفس نے میٹنگ منٹس جاری کر دیئے۔
جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ ، کینال روڈ، برکت مارکیٹ، مسلم ٹاؤن، ٹھوکرنیاز بیگ کو سجایا جائے گا۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور بڑی بڑی سکرینیں لگائے گا اور قومی ترانہ چلایا جائے گا۔
چیئرنگ کراس پر موٹرسائیکلوں اور کاروں کے ذریعے قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ پی ایچ اے گریٹر اقبال پارک میں آتش بازی کا مظاہرہ کرے گا اور لکی ایرانی سرکس لگائی جائے گی۔ جیلانی پارک میں پرچم لہرانے کے ساتھ ساتھ میوزیکل کنسرٹ ہو گا۔ شہریوں میں شجرکاری کو تقویت دینے کے لیے مفت پودے تقسیم کیے جائیں گے۔ شہر میں بڑے بڑے ڈیجیٹل بل بورڈ لگائے جائیں گے۔
ایل ڈی اے نواز شریف انٹرچینج ،شاہدرہ ،سمن آباد اور اکبر چوک پر آتش بازی کا مظاہرہ کرے گا۔ والٹن بورڈ اور کینٹ سبز ہلالی پرچم کی شاہراہوں پر مکمل برینڈنگ کرے گا۔ محکمہ ایجوکیشن سکولوں میں تقریروں کے بڑے مقابلے کروائے گا۔ ایل ڈبلیو ایم سی صفائی کے ساتھ ساتھ صفائی کے پمفلٹس تقسیم کرے گا۔
نیشنل آرٹس کالج بڑا قومی پرچم تیار کرے گا اور بلڈنگ کو روشنیوں سے سجائے گا۔ والڈ سٹی اتھارٹی اندرون شہر کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجائے گی۔ ٹریفک پولیس 13 اور 14 اگست کو بہترین ٹریفک پلان مرتب کرے گی۔ ٹی ڈی سی پی اور محکمہ سپورٹس تفریحی پروگرام اور میچ کا انعقاد کریں گے۔ ہسپتالوں میں بھی قومی دن کی مناسبت سے پروگرام کئے جائیں گے۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کی مناسبت سے محکمے کمشنر آفس اور ڈی سی آفس کے ساتھ مکمل کوآرڈی نیشن میں رہیں گے۔