ایم سی ایل اور ایل ڈی اے کا غیرقانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیلئے لائحہ عمل تیار
(لاہور نیوز) ایم سی ایل اور ایل ڈی اے نے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا۔
کمشنر لاہور کی زیر صدارت غیرقانونی تعمیرات کے خلاف لائحہ عمل بنانے کیلئےاہم بیٹھک ہوئی۔ اے اور بی روڈز پر بلڈنگ کنٹرول اور لینڈ یوز کنٹرول پر اہم بریفنگ دی گئی۔ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ڈیش بورڈ پر افسران ڈیٹا اپ لوڈ کر سکیں گے۔ دوسرے مرحلے میں شہریوں کو بھی رسائی دی جائے گی اور غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی ہو گی۔ انسپکٹرز کے اینٹی گریٹڈ ڈیش بورڈ پر بلڈنگ کی لوکیشن ڈالنے پر ڈیٹا سامنے آ جائے گا۔ غیرقانونی تعمیرات اور بغیر اجازت کمرشلائزیشن پر مشترکہ نوٹس دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایل ڈی اے کی غیرقانونی تعمیرات اور کمرشلائزیشن کے خلاف کارروائی دیکھنے میں آئی۔ جوہر ٹاؤن سنی پارک میں غیر قانونی کمرشل پلازہ جزوی طور پر مسمار کر دیا گیا۔ اقبال ایونیو سے متصل غیر قانونی کمرشل تعمیرات کو گرا دیا گیا۔ جعفر ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل ہال، بی بلاک، آرکیٹیکٹ سوسائٹی میں غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئیں۔ رائیونڈ روڈ پر ایل ڈی اے ایونیو ون چوک اور عبدالستار ایدھی روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا۔