(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پراعتراضات دور کردیئے جبکہ درخواست پر سماعت کل ہوگی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیرافضل مروت نے ان کی طرف سے دیا گیا پاور آف اٹارنی پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں کے حوالے سے رولز دستیاب ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو قانون قاعدہ ہو گا بتا دیجئے گا، اس کے مطابق آرڈر کر دوں گا، جو وکلا ملنا چاہتے ہیں، دو تین دن میں بتا دیں، اس لحاظ سے آرڈر کر دیں گے، میں اعتراضات دور کر دیتا ہوں، درخواست کو نمبر لگے گا اور کل سماعت کیلئے مقرر ہو جائے گی۔
وکیل نے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ اور انکے وکلاء کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔