(لاہور نیوز) بہار کے موسم میں بھی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت نئے جنگل نہ لگ سکے۔ شہر میں مزید میاواکی جنگل لگانے کا کام رک گیا۔
پی ایچ اے انتظامیہ بہار کے موسم میں بھی سرسبز لاہور مہم کو تقویت نہ دے سکی۔ اربن فاریسٹی کے تحت میاواکی جنگل لگانے کا پلان التواء کا شکار ہے۔
پنجاب حکومت گزشتہ مالی سال میں کسی بھی مقام پر میاواکی جنگل کا منصوبہ شروع نہ کر سکی۔ پی ایچ اے کی جانب سے شہر میں مزید میاواکی جنگل لگانے کا کام رک گیا۔ پی ایچ اے نے ذاتی وسائل اور حکومتی فنڈنگ سے بھی میاواکی جنگل نہ لگائے۔
ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے فیصلوں کی روشنی میں میاواکی جنگل لگائے جانے تھے۔ 9 کروڑ 69 لاکھ 38 ہزار روپے کی لاگت سے میاواکی جنگل لگانے کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ ایل ڈی اے ایونیو ون ، جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال سکیم میں میاواکی جنگل کا منصوبہ دو سال سے فائلوں میں بند ہے۔ جنگل لگانے کے لئے اراضی کی نشاندہی کا معاملہ ٹھپ ہو چکا ہے۔ تین میاواکی جنگل لگانے کے لئے ایل ڈی اے نے فنڈز فراہم کرنے تھے۔
پی ایچ اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے نے کچھ فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ موسم بہار میں ہی میاواکی جنگل لگانے کا کام شروع کر دیا گیا۔