(لاہور نیوز) توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔
سابق وزیر اعظم کو زمان پارک سے حراست میں لینے کے بعد پولیس بذریعہ موٹروے اسلام آباد پہنچی، پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل منتقل کیا گیا، جیل کے باہر فورسز کی اضافی نفری تعینات رہی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے اٹک جیل میں لاک اپ خصوصی طور پر تیار کیا گیا، سابق وزیر اعظم کو ہائی سکیورٹی زون میں رکھا جائے گا، لاک اپ کی سکیورٹی جیل پولیس کے کمانڈوز کریں گے، لاک اپ کے قریب تعینات اہلکار غیر مسلح ہوں گے۔
لاک اپ کا ایک دروازہ ایک کھڑکی ہے، پانی کا کولر، کرسی اور ایک میٹرس رکھا گیا ہے، لاک اپ میں ٹی وی یا انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہوگی، سابق وزیر اعظم کیلئے الگ واش روم مختص کر دیا ہے، مینوئل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو رکھا جائے گا، عدالتی وارنٹ بھی جیل انتظامیہ کو موصول ہوگیا، وارنٹ میں مخصوص سہولیات دینے کے حوالے سے ہدایات نہیں ہیں۔
قبل ازیں توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کے گھر کے اندر سے گرفتار کیا گیا، پولیس کی ٹیم وارنٹ لے کر سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی جہاں حکام نے ان کے سکیورٹی افسران کو بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے وارنٹ گرفتاری آ گئے ہیں جس پر انہیں گرفتار کرنا ہے، پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے اندر جا کر گرفتار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتاری سے قبل پولیس کی ایک گاڑی اندر گئی اور باقی کیڈ باہر ہی موجود رہا، پولیس افسران اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان کچھ دیر بات چیت ہوئی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری کے وقت کوئی مزاحمت نہیں کی، ان کو گھر کے اندر سے ہی گاڑی میں بٹھایا گیا اور پولیس براستہ ٹھوکر نیاز بیگ انہیں لے کر موٹروے سے اسلام آباد روانہ ہو گئی۔