02 Aug 2023
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس قیمتی اثاثے موجود ہیں، ملک کا فیوچر برائٹ ہے۔
ایف بی آر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایف بی آر حکومت کا کماؤ پتر ہے، مالی سال میں ایف بی آر کی کارکردگی قابل ستائش رہی، جولائی میں ایف بی آر نے اپنے ہدف سے زیادہ محصولات اکٹھے کیے، رواں سال کے لیے ٹیکس محصولات کا بڑا ہدف ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے دو بڑے ایشوز ہیں، بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنا ترجیح ہے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں مزید بہتری آئے گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کےڈیفالٹ کی پیشگوئیاں کی جا رہی تھیں، مئی اور جون کی پیمنٹ کو بروقت ادا کیا گیا، میرا ایمان ہے پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ہم نے آئی ایم ایف سے سٹینڈ بائی معاہدہ بھی کر لیا ہے، ہم نے ایف بی آر کو مزید بہتر بنانا ہے۔