حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کو غسل دینے کی تقریب، وزیراعلیٰ محسن نقوی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی شرکت
(لاہور نیوز) حضرت علی ہجویریؒ داتا گنج بخش کے مزار کو غسل دینے کی 980 ویں تقریب منعقد ہوئی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
سادہ مگر پروقار تقریب میں مزار حضرت علی ہجویریؒ کو 50 من عرق گلاب سے غسل دیا گیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار پر چادر پوشی کی، اس موقع پر قومی وملکی سلامتی و استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے داتا دربار کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو مبارک باد دی اور کہا کہ داتا دربار کی توسیع کا کارنامہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا، 1999 میں نواز شریف کے دور میں بھی دربار کی توسیع کی گئی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حضرت داتا علی ہجویری کی تعلیمات ہمارے لئے روشن باب ہیں، محرم الحرام کے ایام میں امت مسلمہ شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے آن لائن نذرانہ ایپ کا افتتاح کر دیا ہے، آن لائن نذرانہ دینے والوں کو تصدیقی میسج بھی موصول ہوگا۔
تقریب میں سابق صوبائی وزیر بلال یاسین، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شاہد حمید ورک، صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور اظفرعلی ناصر اور سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سمیت دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات غسل کے 40 روز بعد 18 صفر سے شروع ہوں گی۔