(لاہور نیوز)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے ناقص انتظامات پر 42 پکوان سنٹرز پر جرمانے عائد کر دیے جبکہ ایک پکوان سنٹر کو بند کردیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 544 پکوان سنٹرز کو چیک کیا گیا، ناقص انتظامات پر ایک پکوان سنٹر کو سیل جبکہ 42 کو بھاری جرمانے کیے گئے، اتھارٹی کی جانب سے 485 پکوان سنٹرز کو مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور ڈویژن میں 61 اور گوجرانوالہ میں 72 پکوان سنٹرز کو چیک کیا گیا، تمام آپریشن ونگز، ویجیلنس، واٹر اور ڈیری سیفٹی ٹیموں کو محرم الحرام کے دوران سپیشل آپریشن ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے، سپیشل آپریشن ٹیمیں محرم الحرام میں پکوان سنٹرز، لنگر خانوں اور سبیلوں کی چیکنگ جاری رکھیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑے جلوسوں کے راستوں پر لگی سبیلوں کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے، دودھ کی سبیلوں کی لیکٹوسکین مشینوں سے چیکنگ کی جا رہی ہے، ناقص اشیاء کے استعمال، صفائی کی صورت حال کو موقع پر ہی ٹھیک کروایا جا رہا ہے۔