(ویب ڈیسک) فٹ بال اورکرکٹ کے بعد پاکستان اوربھارت کے درمیان ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ایک اور بڑا میچ چنئی میں شیڈول ہے۔
ایشیا ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کا آغاز 3 اگست سے ہوگا جبکہ فائنل 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں صرف چھ ٹیمیں ہیں، میزبان بھارت، پاکستان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، جاپان اور چین، اس لیے انہیں پول میں تقسیم نہیں کیا گیا ہے اور ہر ٹیم پانچ میچ کھیلے گی۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 3 اگست کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ اگلے روز گرین شرٹس کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا۔ ایک دن کے آرام کے بعد 6 اگست کو پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا اور 7 اگست کو پاکستان کا مقابلہ چین سے ہوگا۔
پاکستان اپنا آخری پول میچ 9 اگست کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ سیمی فائنل اور پانچویں،چھٹی پوزیشن کا میچ 11 اگست اور فائنل 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت تین تین بار ایونٹ جیت چکے ہیں جبکہ آخری ٹائٹل جنوبی کوریا نے 2021 میں جیتا تھا۔