(لاہور نیوز) ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نمک کا زیادہ استعمال نہ صرف ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا کر سکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ذہنی امراض کا شکار بھی بنا سکتا ہے۔
جاپانی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ نمک کا زیادہ استعمال نہ صرف ہائی بلڈ پریشر بلکہ ذہنی بیماریوں کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
ماہرین نے نمک کے زیادہ استعمال کے دماغ اور انسانی اعصاب پر پڑنے والے منفی اثرات جانچنے کے لیے چوہوں پر تحقیق کی اور چوہوں کو 12 ہفتوں تک زیادہ نمک والا پانی اور خوراک دی گئی۔
ماہرین نے بتایا کہ زیادہ نمک کے استعمال سے چوہوں کے اعصابی اور دماغی نظام کے متعدد پروٹینز اور ہارمونز میں نمایاں تبدیلیاں دیکھی گئیں جو کہ ہائی بلڈ پریشر اور دماغی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق زیادہ نمک استعمال کرنے سے نہ صرف ہائی بلڈ پریشر بلکہ ذہن کے غیر فعال ہونے یا ڈیمینشیا اور الزائمر جیسی بیماریاں ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ عام طور پر ہر انسان کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 4 گرام نمک کھانا چاہیے لیکن آج کل کے دور میں بار بی کیو اور فاسٹ فوڈز کی وجہ سے انسانوں میں نمک کا یومیہ استعمال 15 سے 20 گرام تک جا پہنچا ہے جو کہ مطلوبہ مقدار سے 5 گنا زیادہ ہے۔