07 Jun 2023
(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر کم سن بچوں اور گھریلو ملازمین پر تشدد اور گداگری کے خاتمے کے لیے ایکشن جاری ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تشدد کی شکار کمسن گھریلو ملازمہ کو تحویل میں لے لیا۔ 12 سالہ گھریلو ملازمہ حمیرا داروغہ والا کے علاقہ میں کام کرتی تھی اور مالکان کے تشدد سے تنگ آکر گھر سے بھاگ نکلی۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو ہیلپ لائن 1121 پر شہری کی جانب سے اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو تحویل میں لے لیا گیا۔
چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ بچی کے والدین سے رابطہ کیا جارہا ہے اور بچی کا علاج معالجہ بھی کروایا جا رہا ہے۔ کمسن گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔