(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے مقدمہ پر سماعت کی، پولیس نے میاں محمود الرشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ میاں محمود الرشید پر کلمہ چوک پر کنٹینر نذر آتش کرنے کا الزام ہے، میاں محمود الرشید سے تھانہ نصیر آباد کے مقدمہ میں تفتیش کرنی ہے، میاں محمود الرشید نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیلیے کارکنان کو اکسایا۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے محمود الرشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا۔
عدالت کے روبرو میاں محمود الرشید نے روسٹرم پر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا مجھے ایک کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جا رہا ہے، تمام مقدمات میں مجھے بد نیتی کی بنیاد پر ملوث کیا گیا ہے۔
واضح رہے میاں محمود الرشید دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، پولیس کی درخواست پر میاں محمود الرشید کو ایک نئے مقدمہ میں جیل سے طلب کرایا گیا، میاں محمود الرشید کو تھانہ نصیر آباد کے مقدمہ نمبر 1078/23 میں طلب کیا گیا۔