(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر مذاکرات کے بغیر الیکشن میں گئے تو نتائج نہیں ملیں گے، قومی الیکشن ملتوی کیے تو خطرناک نتائج آئیں گے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیں، کسی جماعت میں صلاحیت نہیں کہ وہ مسائل کا حل نکال سکے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ صوبوں میں الیکشن ملتوی کرنے کا تماشا ملک پہلے ہی دیکھ چکا ہے، اب مرکز میں انتخابات ملتوی کرنا کوئی حل نہیں ہے، اگر قومی انتخابات میں تاخیر کی گئی تو اس کے ملک پر بہت منفی اثرات آئیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بات چیت کےعلاوہ سیاست میں کوئی اور راستہ نہیں ہوتا لیکن یہ مذاکرات نہیں ہیں۔ مل بیٹھنے کا صرف ایک مقصد ہے کہ ملک آگے کیسے چلے گا؟ اس مقصد کیلئے اگر سیاسی لیڈر آج اکٹھے نہ بیٹھے تو کل تاریخ ان کے حق میں زیادہ بات نہیں کرسکے گی۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ کیا فیصلے کرے گا ، اس کے پاس اختیارات نہیں ہوتے، اگر این آر او کی بات کرتے ہیں یا الیکشن آگے پیچھے کرنے پر بات کرتے ہیں تو اس کا کوئی مقصد نہیں ہے۔