(لاہور نیوز) پنجاب ہائی وے پٹرول کی ماہِ مئی 2023 کی کارکردگی رپورٹ جاری ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ صوبہ بھر میں پی ایچ پی نے شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 16لاکھ 88 ہزار 582 افراد اور 732043 گاڑیوں کو چیک کیا۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے 587 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا جن میں کیٹگری" اے" کے 46 اشتہاری مجرمان بھی شامل ہیں۔ دورانِ چیکنگ 436 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پی ایچ پی نے ماہ اپریل میں 321 چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد کیں جن میں 8 کاریں، 307 موٹر سائیکلیں اور6 دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔ دورانِ سفر مشکلات کے شکار 4157 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد و رہنمائی فراہم کی گئی۔ 78 گمشدہ بچوں کو انکے والدین سے ملوایا گیا۔ مختلف حادثات میں مضروب ہونیوالے 95 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ماہ مئی میں پی ایچ پی نے ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 81 مقدمات کا اندراج کروا کے 5 کلاشنکوف، 10 رائفلیں اور 66 پسٹل برآمد کیے۔ منشیات فروشوں سے 1885 لٹر شراب، تقریباً 11 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر کے قانونی کارروائی کی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی عبدالکریم نے افسران وا ہلکاروں کو مزید تندہی کے ساتھ فرائض ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ شاہرات پر شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور سہولت کیلئے جذبہ خدمت کے تحت فرائض ادا کئے جائیں۔