محکمہ صحت کا ایم ڈی کیٹ کے تھریش ہولڈ میں 3 فیصد کمی پر صدر پاکستان، پی ایم ڈی سی کو مراسلہ
(لاہورنیوز) محکمہ صحت پنجاب نے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) کے تھریش ہولڈ میں 3 فیصد کمی سے متعلق صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو مراسلہ لکھ دیا۔
مراسلہ میں پی ایم ڈی سی کی 8 اپریل 2026 کے نوٹیفکیشن نمبر PF-1-C/2026/Council/Notification/1108 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے ایم ڈی کیٹ تھریش ہولڈ میں بالترتیب ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لئے 3 فیصد کمی کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن پر صوبائی داخلہ کمیٹی نے اپنے اجلاس مورخہ 13 اپریل 2026 میں غور کیا۔
اسی طرح محکمہ کے مراسلے میں صوبائی داخلہ کمیٹی (PAC) نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے میرٹ فیصد میں کمی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور لکھا گیا کہ یہ اقدام بنیادی طور پر تعلیمی سال 2025-26 کے لئے نجی شعبے کی خالی نشستیں پُر کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔
کمیٹی نے اس امر کا بھی جائزہ لیا کہ اس سے قبل 2025 میں بھی ایم ڈی کیٹ تھریش ہولڈ میں 5 فیصد کمی پر سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جو پی ایم ڈی سی نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس داخلوں کے لئے تجویز کیا تھا، تاہم اس وقت صوبائی داخلہ کمیٹی نے اس سے اتفاق نہیں کیا تھا اور اس حوالے سے پی ایم ڈی سی کو بذریعہ خط نمبر SO(ME-II)2-1/2023 مورخہ 14 مئی 2025 آگاہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کمیٹی نے داخلہ دینے والی یونیورسٹی (یو ایچ ایس) کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا۔
مراسلہ میں کہا گیا کہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال پنجاب میں 47,721 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوئے جن میں سے 39,648 امیدوار ایم بی بی ایس کے لئے 55 فیصد تھریش ہولڈ پر پورا اترے جب کہ 42,048 امیدوار بی ڈی ایس کے لیے 50 فیصد تھریش ہولڈ پر پورا اترے۔
تاہم صرف 7,987 امیدواروں نے ایم بی بی ایس میں داخلے کے لئے درخواست دی، اِس امر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اہل امیدواروں کی بڑی تعداد موجود ہے، لہٰذا ایم ڈی کیٹ تھریش ہولڈ میں نرمی کی کوئی معقول وجہ موجود نہیں ہے۔
کمیٹی کا مزید یہ بھی مؤقف ہے کہ نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی زیادہ فیسیں بھی ایک اہم وجہ ہیں، جو اہل امیدواروں کو نجی شعبے میں داخلہ لینے سے روکتی ہیں۔
محکمہ صحت نے اپنے مرالے میں لکھا کہ کمیٹی نے یہ بھی جائزہ لیا کہ چونکہ یہ معاملہ تعلیمی نوعیت کا ہے، اس لئے اسے اکیڈمک بورڈ میں زیرِ غور لایا جانا چاہیے تھا اور بعد ازاں مکمل کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جانا چاہیے تھا تاہم اس معاملے میں ایسا نہیں کیا گیا۔
مزید برآں مراسلے میں اِس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مذکورہ بالا نکات کے پیش نظر، صوبائی داخلہ کمیٹی کا متفقہ مؤقف ہے کہ ملک میں طبی تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے کے مفاد میں ایم ڈی کیٹ تھریش ہولڈ میں کمی کرنا مناسب نہیں ہے۔
