(لاہور نیوز) ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 19 اپریل تک جاری رہے گی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران تقریباً 4 لاکھ 13 ہزار پولیو ورکرز اپنے فرائض انجام دیں گے، تاہم پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
این ای او سی کے مطابق گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر اس موذی مرض کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔
